لیونل میسی کے مختصر قیام پر کولکتہ اسٹیڈیم میں ہنگامہ، مداح مشتعل، توڑ پھوڑ

بھارتی شہر کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے دورۂ بھارت کے دوران بدنظمی اور ناقص انتظامات کے باعث شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، لیونل میسی اسٹیڈیم میں محض 10 سے 20 منٹ تک موجود رہے، جس پر ہزاروں مداح شدید مایوسی اور غصے کا شکار ہوگئے۔ مشتعل شائقین نے اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کی اور شکایت کی کہ میسی کو سیاسی رہنماؤں اور وزرا نے گھیر رکھا تھا، جس کے باعث عام شائقین انہیں دیکھ بھی نہ سکے۔

مداحوں کا کہنا تھا کہ میسی نے نہ تو نمائشی فٹبال کھیلی اور نہ ہی شائقین سے کوئی براہِ راست رابطہ کیا، جس کی وجہ سے اس ایونٹ کو بدترین قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ناقص سیکیورٹی اور انتظامی بدحالی کے باعث صورتحال مزید خراب ہوئی اور میسی کو طے شدہ وقت سے پہلے اسٹیڈیم چھوڑنا پڑا۔

واقعے کے بعد ریاستی حکام نے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ کولکتہ پولیس نے ایونٹ کے منتظم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

بعد ازاں میسی کے ہوٹل کے باہر جمع ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو ہلکا لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا، انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ناگزیر تھا۔