آئی پی ایل کی برانڈ ویلیو میں شدید کمی، اسٹار کھلاڑیوں کے انخلاء نے لیگ کو بڑا جھٹکا دے دیا

بھارت کی مقبول ترین کرکٹ لیگ، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)، مسلسل اسٹار کھلاڑیوں کے چھوڑنے کے بعد سنگین بحران کا شکار ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، 2025 میں آئی پی ایل کی برانڈ ویلیو پہلی مرتبہ 20 فیصد تک گر گئی، جس کے نتیجے میں لیگ کی مجموعی قدر 12 ارب ڈالر سے کم ہوکر 9.6 ارب ڈالر رہ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ممبئی انڈینز کی ویلیو میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد فرنچائز کی قدر 108 ملین ڈالر رہ گئی ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی برانڈ ویلیو میں 10 فیصد، چنئی سپر کنگز میں 24 فیصد، سن رائزرز حیدرآباد میں 34 فیصد جبکہ راجستھان رائلز کی برانڈ ویلیو میں 35 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی، انگلینڈ کے معین علی اور آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے آئی پی ایل چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

فاف ڈوپلیسی اور معین علی اس سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل ہوں گے، جب کہ میکسویل نے بھی آئی پی ایل میں عدم شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ماہرین کے مطابق بڑے کھلاڑیوں کی عدم دستیابی آئندہ سیزن میں آئی پی ایل کی مارکیٹ ویلیو پر مزید دباؤ ڈال سکتی ہے۔