انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے ملائیشیا کو 297 رنز سے روند ڈالا، سمیر منہاس اور احمد حسین کی شاندار سنچریاں
پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے ہی میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ملائیشیا کو 297 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر لیا۔ دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے اس یکطرفہ مقابلے میں گرین شرٹس نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں زبردست تسلط قائم کیا۔
ملائیشیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، لیکن فیصلہ ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ ابتدا میں دو وکٹیں جلد گرنے کے باوجود پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے شاندار کم بیک کیا۔ سمیر منہاس اور احمد حسین نے تیسری وکٹ پر 293 رنز کی تاریخی پارٹنرشپ قائم کی، جو انڈر 19 کرکٹ میں پاکستان کی بڑی شراکت داریوں میں شامل ہو گئی۔
سمیر منہاس نے 177 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ دوسری جانب احمد حسین نے 132 رنز کی شاندار اننگز سے ٹاپ آرڈر کو مضبوط سہارا دیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں ملائیشین ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے مکمل طور پر بے بس دکھائی دی۔ پوری ٹیم 48 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور کوئی بھی بیٹر ڈبل فگر تک نہ پہنچ سکا۔ کپتان ڈیاز پیٹرو اور محمد اکرم 9،9 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا اور محمد صیام نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دانیال علی خان نے 2 اور نقاب شفیق نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
297 رنز کے بڑے فرق سے یہ فتح نہ صرف پاکستان کے کمبی نیشن کو مضبوط کرتی ہے بلکہ ایونٹ میں آگے بڑھنے کے امکانات بھی واضح کرتی ہے۔ پاکستان اب 14 دسمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ کھیلے گا۔

