جنوبی افریقا نے ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت کو 51 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
نیو چندی گڑھ میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز اسکور کیے۔
کوئنٹن ڈی کاک نے 90 رنز کی جاندار اننگز کھیل کر نمایاں کارکردگی دکھائی جبکہ ڈونوون فریرا اور ڈیوڈ ملر بالترتیب 30 اور 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ مارکرم نے 29، ڈیوالڈ بریوس نے 14 اور ریزا ہینڈرکس نے 8 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے 2 اور اکشر پٹیل نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن پروٹیز باؤلرز کے آگے لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم آخری اوور میں 162 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
تلک ورما نے 62 رنز کے ساتھ مزاحمت کی۔ دیگر کھلاڑیوں میں جتیش شرما 27، ہاردک پانڈیا 20، اکشر پٹیل 21 اور ابھیشیک شرما 17 رنز ہی بنا سکے۔ کپتان سوریا کمار یادو صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شبمن گل اور ورون چکرورتی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اوٹنل بارٹمن نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارکو جینسن، لُنگی اینگیڈی اور لوتھو سیپامالا نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
سیریز کا تیسرا میچ 14 دسمبر کو دھرمشالا میں کھیلا جائے گا۔

