پی ایس ایل کا عالمی سفر جاری، پی ایس ایل روڈ شو امریکا پہنچ گیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے لندن میں کامیاب روڈ شو کے بعد اب نیویارک میں بھی اپنی چمک بکھیرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

پی سی بی کے مطابق، نیویارک روڈ شو 13 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے منعقد ہوگا، جس میں کرکٹ، تفریح اور عالمی سرمایہ کاری کا منفرد امتزاج پیش کیا جائے گا۔

تقریب میں پاکستان کے مشہور فنکار اور کرکٹرز شرکت کریں گے جن میں علی ظفر، وسیم اکرم، رمیز راجہ، سلمان آغا، ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب، شان مسعود اور سعود شکیل شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق، اس ایونٹ کا مقصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پی ایس ایل سے براہِ راست جوڑنا اور لیگ میں شراکت داری، اشتراک اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنا ہے۔

پی سی بی کے مطابق، کرکٹ شائقین، کارپوریٹ عہدیداران، بزنس کنسلٹنٹس اور اسپورٹس انڈسٹری سے وابستہ متعدد اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ روڈ شو نہ صرف کرکٹ انگیجمنٹ میں اضافہ کرے گا بلکہ جدید مارکیٹنگ اور عالمی رابطوں کے ذریعے پی ایس ایل کی بین الاقوامی برانڈ ویلیو کو بھی نئی بلندی دے گا۔

پی سی بی کے مطابق، نیویارک کا یہ روڈ شو لیگ کی عالمی رسائی بڑھانے، کرکٹ کے فروغ اور نئے سرمایہ کاری مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔