سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کیلئے روایتی انداز سے ہٹ کر منفرد جرسی نمبر چُن لیا

سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کے لیے ایک منفرد تین ہندسوں پر مشتمل جرسی نمبر ’056‘ متعارف کروایا ہے۔ بابر کا قومی جرسی نمبر 56 ہے، تاہم فرنچائز میں یہ نمبر پہلے ہی آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے پاس موجود ہے، اسی وجہ سے سکسرز نے روایتی انداز سے ہٹ کر بابر کے لیے خصوصی ’056‘ نمبر مختص کیا۔ ٹیم نے سوشل میڈیا پر بابر کی تصاویر جاری کیں جن میں وہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نئی جرسی پہنے دکھائی دیتے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی، جو بی بی ایل 15 کے ڈرافٹ میں نمبر ون پک تھے، سب سے پہلے برسبین پہنچے۔ برسبین ہیٹ نے ایکس پر شاہین کی آمد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا، جبکہ سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کی 14 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کی جس میں وہ ڈریسنگ روم میں داخل ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹی20 لیگ بگ بیش (بی بی ایل) کے پندرہویں ایڈیشن سے قبل پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ بالترتیب سڈنی سکسرز اور برسبین ہیٹ کی نمائندگی کریں گے۔ لیگ کا آغاز 14 دسمبر سے ہوگا اور 25 جنوری 2026 تک مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستانی کرکٹرز کی بی بی ایل میں شمولیت کو شائقین کرکٹ کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے، جبکہ فرنچائزز بھی نئے سیزن میں دونوں اسٹارز سے بہترین کارکردگی کی توقع کر رہی ہیں۔