پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو نئی وسعت دینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کروانے کا اعلان کردیا ہے۔
لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پی ایس ایل روڈ شو کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کو عالمی سطح پر لے جانے کے لیے نئے شہر اور نئے مقامات شامل کیے جا رہے ہیں، جن میں مظفرآباد نمایاں ہے۔
محسن نقوی کے مطابق، مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا، جس میں پچز، لائٹس، فیسلٹیز اور گراؤنڈ کی مجموعی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آزاد کشمیر میں موجود فائیو اسٹار ہوٹلز بین الاقوامی کھلاڑیوں کی میزبانی کے لیے بالکل موزوں ہیں، جس سے ٹورنامنٹ کی میزبانی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ نہ صرف پی ایس ایل بلکہ مستقبل میں دیگر بین الاقوامی میچز بھی مظفرآباد سمیت آزاد جموں و کشمیر میں منعقد کرائے جائیں گے، جو علاقے کی ترقی، سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کا باعث بنیں گے۔
پاکستان کے اس فیصلے کو اس بات کا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے کہ آزاد کشمیر امن، سرگرمیوں اور ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیوں، ریاستی جبر اور کھیلوں پر قدغن کے برعکس آزاد کشمیر میں کھیلوں کا فروغ دنیا کے سامنے ایک مثبت پیغام ہے کہ پاکستان کشمیر میں امن و کھیل کی ترویج چاہتا ہے۔
پی ایس ایل کے اس توسیعی فیصلے کو شائقین اور کرکٹ ماہرین نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ اقدام پاکستان اور آزاد کشمیر دونوں کے لیے کھیلوں کے نئے دروازے کھولے گا۔

