برسبین: ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی، جبکہ اسی دوران آسٹریلوی بیٹرز نے ایک منفرد تاریخی ریکارڈ بھی قائم کردیا۔
گابا میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، تاہم ٹیم مقررہ مزاحمت نہ کر سکی اور پوری اننگز 241 رنز پر سمٹ گئی۔ کپتان بین اسٹوکس 50، ول جیکس 41، جبکہ زیک کرولی 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آسٹریلوی بولنگ کی جانب سے مائیکل نیسر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک اور اسکاٹ بولینڈ نے 2،2 جبکہ برینڈن ڈوگٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی 241 رنز کی برتری کے بعد آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے صرف 65 رنز کا ہدف ملا، جو کینگروز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی پورا کرلیا۔ ٹریوس ہیڈ 22 اور جیک ویدرالڈ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اسٹیو اسمتھ 23 اور مارنس لبوشین 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 511 رنز کا بڑا مجموعہ بنایا تھا، جس میں جیک ویدرالڈ 72، لبوشین 65، اسٹیو اسمتھ 61، کیمرون گرین 45، جبکہ مچل اسٹارک نے کیریئر بیسٹ 77 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز 334 رنز پر ختم ہوئی تھی جس میں جو روٹ 138 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
برسبین ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی بیٹرز نے ایشز کی 142 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایسا کارنامہ سرانجام دیا کہ ٹیم کے تمام 11 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوئے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے یہ کارنامہ صرف بھارت (1948) اور سری لنکا (1992) کے خلاف انجام دیا تھا، لیکن انگلینڈ کے خلاف یہ پہلا موقع ہے۔
آسٹریلیا کی اس فتح کے بعد سیریز میں اس کی پوزیشن مضبوط ہو چکی ہے اور انگلینڈ پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔

