دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی اوپنر فخر زمان پر سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ٹی20 سیریز کے فائنل میچ میں امپائر سے تکرار اور غیر ضروری احتجاج پر میچ فیس کے 10 فیصد جرمانے کے ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ عائد کر دیا۔
آئی سی سی کے مطابق، فخر زمان نے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کی، جو امپائر کے فیصلے پر شدید ردِعمل یا احتجاج ظاہر کرنے سے متعلق ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان کی اننگز کے 19ویں اوور میں فخر زمان ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیے جانے کے بعد امپائرز سے طویل بحث کرتے رہے اور فیصلے سے سخت عدم اتفاق کا اظہار کیا۔ امپائر احسن رضا، آصف یعقوب، راشد ریاض اور فیصل آفریدی نے فخر زمان کے خلاف چارج رپورٹ کیا جبکہ میچ ریفری رِیون کنگ نے سزا کا اعلان کیا۔
فخر زمان نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے چارج قبول کرلیا، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہ آئی۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق، لیول ون خلاف ورزی پر سرزنش، میچ فیس کا 50 فیصد تک جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں، جبکہ 24 ماہ میں چار ڈی میرٹ پوائنٹس جمع ہونے پر کھلاڑی کو ایک میچ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان نے اسی فائنل میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی سیریز کا ٹائٹل جیتا تھا، تاہم فخر زمان کا امپائر سے رویہ میچ کے اہم لمحات میں توجہ کا مرکز بنا رہا۔

