رائے پور میں کھیلی جانے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوسرے مقابلے میں جنوبی افریقا نے بھارت کا 359 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میزبان ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
بھارت نے ٹاس کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 358 رنز بنائے۔ بھارتی اننگز میں رُتوراج گائیکواڈ نے شاندار 105 رنز اسکور کیے جبکہ ویرات کوہلی نے بھی عمدہ سنچری بناتے ہوئے 102 رنز کی باری کھیلی۔ کپتان کے ایل راہول نے ناقابلِ شکست 66 اور رویندر جڈیجا نے 24 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز پراعتماد رہا۔ ایڈن مارکرم نے 110 رنز کی میچ وننگ سنچری اسکور کی، جب کہ میتھیو بریٹزکی 68 اور ڈیوالڈ بریوس 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان ٹیمبا باووما نے بھی 46 رنز کی ذمہ دارانہ باری کھیلی۔
میچ کے آخری لمحات میں کوربن بوش نے صرف 15 گیندوں پر 29 رنز کی تیز رفتار ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلائی۔ کیشو مہاراج 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور پرسدھ کرشنا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہرشت رانا اور کلدیپ یادو کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
یہ بھارت کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں مشترکہ طور پر سب سے بڑا کامیاب ہدف ہے۔ اس سے قبل 2019 میں آسٹریلیا نے بھی موہالی میں 359 رنز کا ٹارگٹ حاصل کیا تھا۔
سیریز کا فیصلہ کن تیسرا ون ڈے ہفتے کو کھیلا جائے گا، جس کا نتیجہ دونوں ٹیموں کے لیے اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

