چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہوگا، معاملے میں کوئی رکاوٹ نہیں: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف کے حوالے سے آئینی ترمیم کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا اور اس عمل میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف سرکاری پراسس کا معمول کا مرحلہ ہے جس پر کام جاری ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانون پہلے ہی پاس ہو چکا ہے اور نوٹیفکیشن اسی قانونی عمل کا حصہ ہے۔ “وزیراعظم ملک سے باہر ہیں، ان کی واپسی پر وزارت دفاع فائل کو آگے بڑھا دے گی۔ ہوسکتا ہے متعلقہ فائل ورک مکمل بھی ہوچکا ہو۔”

انہوں نے اس تصور کو بھی غلط قرار دیا کہ نوٹیفکیشن رُک گیا ہے۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت کو نومبر 2027ء تک قانونی تحفظ حاصل ہے اور نئی ترمیم کے بعد مشترکہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “ایسا لگتا ہے آج کل میڈیا کے پاس کوئی خبر نہیں، بلاوجہ بحث کی جا رہی ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ معاملے پر غیر ضروری قیاس آرائیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔