لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی خاندان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھارتی اور افغان میڈیا پر جاکر ملک کو بدنام کر رہی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایسے رویے شرم ناک ہیں اور یہ لوگ ’’چلو بھر پانی میں ڈوب مرنے‘‘ کے قابل ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگائے جن کے بارے میں عدالت میں تفصیلی وضاحت کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام سیاسی اور معاشی فیصلے ان کی اہلیہ کرتی تھیں اور آج عالمی جریدے بھی اس جھوٹے بیانیے کا پردہ چاک کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2017 کے دھرنوں سے لے کر آج تک پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ، منافقت اور بہتان پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں بھی عمران خان کی تینوں بہنیں جتھوں کے ساتھ کور کمانڈر ہاؤس میں موجود تھیں، جس کے فرانزک شواہد موجود ہیں۔
عطا تارڑ نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی بھارت اور افغانستان کے چینلز پر پراپیگنڈا چلا کر خود کو ایکسپوز کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھارتی میڈیا پر جاتی ہیں تو کیا وہ کبھی کشمیر، شہدا یا پاکستان کی معرکہ حق میں کامیابی کا ذکر بھی کرتی ہیں؟
وفاقی وزیر نے خیبر پختونخوا حکومت پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ ہزاروں غیرقانونی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں صوبے میں سڑکوں پر چل رہی ہیں، پہاڑ غیر قانونی طور پر کاٹے جا رہے ہیں، کانوں کے ٹھیکے مافیا کے حوالے ہیں اور یہاں ایک بڑا ڈرگ کارٹل سرگرم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈرگ اسمگلنگ کو صوبائی حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، جب کہ تمباکو مافیا کے ٹیکس سے 500 ارب روپے سالانہ آمدن ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے 4 ہزار سے زائد کیسز زیر التوا ہیں کیونکہ صوبائی حکومت کے پاس نہ پراسیکیوشن کی صلاحیت ہے نہ سیاسی ارادہ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو مقامی سطح پر پناہ ملتی ہے اور اقتدار میں موجود عناصر ان کے ساتھ گٹھ جوڑ رکھتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دراندازی کے خلاف پاک فوج بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے اور ہر جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، مگر پی ٹی آئی اور اس کے اتحادی اس کامیابی سے ناخوش دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا مقصد فوج کو اندرونی طور پر کمزور کرنا تھا، لیکن منصوبہ ناکام ہوا اور پوری قوم نے فوج کے ساتھ کھڑے ہوکر دشمنوں کو شکست دی۔

