آفریدی پیچھے رہ گئے، روہت شرما چھکوں میں نمبر ون

بھارتی اوپننگ بیٹر روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے سابق پاکستانی اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا طویل عرصے سے قائم عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

روہت شرما نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 57 رنز کی اننگز کھیل کر 3 مزید چھکے جڑے، جس کے ساتھ ہی ان کے ون ڈے چھکوں کی تعداد 352 ہوگئی۔

روہت شرما نے یہ سنگ میل 269 اننگز میں عبور کیا، جب کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ شاہد آفریدی کے پاس تھا جنہوں نے 369 اننگز میں 351 چھکے لگائے تھے۔ ون ڈے چھکوں کی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل 331 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

صرف ون ڈے ہی نہیں، تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر بھی روہت شرما سب سے زیادہ 645 چھکوں کے ساتھ عالمی ریکارڈ اپنے پاس رکھتے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر کرس گیل کا ہے جن کے چھکوں کی تعداد 553 ہے، جب کہ شاہد آفریدی 476 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔