چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کا عمل شروع ہے، اعلان مناسب وقت پر ہوگا: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی سے متعلق نوٹیفکیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور اسے مناسب وقت پر جاری کر دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر غیر ضروری قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ اس حوالے سے مزید افواہوں کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ نوٹیفکیشن کا پراسیس باضابطہ طور پر شروع ہو چکا ہے اور متعلقہ ادارے اس پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد وطن واپس پہنچ رہے ہیں، اور آئینی و قانونی طریقۂ کار کے مطابق نوٹیفکیشن اپنے مقررہ وقت پر جاری کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 27ویں ترمیم کے بعد چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا عہدہ تخلیق کیا گیا تھا اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا، تاہم سرکاری نوٹیفکیشن ابھی جاری نہیں ہوا۔