پاک فوج کا انسداد دہشت گردی پروگرام، عراقی اہلکاروں کی خصوصی فوجی تربیت مکمل

پاک فوج نے عراقی فوج کے لیے خصوصی انسدادِ دہشت گردی تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ تربیت 24 ستمبر سے 29 نومبر تک نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر (NCTC) میں منعقد کی گئی، جس میں عراقی فوج کے 446 اہلکاروں نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، تیسرے بیچ کی گریجویشن تقریب 29 نومبر کو ہوئی، جس میں پاکستان آرمی کے اعلیٰ حکام اور عراق کے عسکری نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں دونوں ممالک کے فوجیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جدید جنگی مہارت اور بھرپور لگن کو سراہا گیا۔

تربیتی پروگرام میں انسداد دہشت گردی کی صلاحیتوں میں اضافہ، حکمتِ عملی کی مشقیں، ہائی رسک آپریشنز اور مشترکہ مشن پلاننگ شامل تھیں۔ اعلامیے کے مطابق تمام تربیتی اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس کامیاب ٹریننگ نے پاکستان اور عراق کے دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے اور خطے میں امن، سلامتی اور مشترکہ سیکورٹی تعاون کے عزم کی تجدید کی ہے۔