سری لنکا میں طوفان کے بعد پاک بحریہ اور این ڈی ایم اے کی ہنگامی امدادی کارروائیاں

اسلام آباد: سری لنکا میں سمندری طوفان دتواہ اور شدید بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد پاک بحریہ اور این ڈی ایم اے نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

کولمبو کی بندرگاہ پر انٹرنیشنل فلیٹ ریویو 2025 میں شرکت کے لیے موجود پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف متاثرہ علاقوں میں امداد فراہم کرنے میں مصروف ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستانی عملے نے سری لنکن حکام کے حوالے امدادی سامان کی پہلی کھیپ فراہم کردی ہے، جس میں غذائی اشیاء، MREs، خشک راشن، ادویات، فرسٹ ایڈ کٹس اور ایمرجنسی آلات شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق، پاک بحریہ ضرورت کے مطابق مزید امدادی سامان اور معاونت بھی جاری رکھے گی، جو دوست ملک سری لنکا کے ساتھ یکجہتی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے بھی سری لنکا کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان اور پاکستان آرمی کی 45 رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھیجنے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

امدادی سامان میں ریسکیو کشتیاں، پمپ، لائف جیکٹس، ٹینٹ، کمبل، غذائی اشیاء، دودھ، ادویات اور دیگر ضروری سامان شامل ہے۔ اس کے علاوہ فیلڈ اسپتال بھی متاثرہ علاقوں میں بھجوانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

سامان اور ٹیمیں کل نور خان ایئر بیس سے سی-130 طیارے کے ذریعے روانہ ہوں گی، جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر روانگی کے عمل کی نگرانی کریں گے۔

پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ سری لنکا کے سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔