فیفا کا بڑا فیصلہ: کرسٹیانو رونالڈو کی دو میچوں کی پابندی معطل، ورلڈکپ 2026 کے افتتاحی میچ میں شرکت یقینی
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے معروف پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تین میچوں کی پابندی میں سے دو میچوں کی سزا ایک سال کے لیے معطل کر دی ہے۔ اس اقدام کے بعد رونالڈو اب ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں شرکت کر سکیں گے، جس کا انتظار دنیا بھر میں موجود ان کے لاکھوں مداح بے چینی سے کر رہے تھے۔
رونالڈو کو رواں ماہ آئرلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں آئرش ڈیفینڈر دارا او شی کو کہنی مارنے پر براہ راست ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا، جو ان کے 226 بین الاقوامی میچوں میں پہلا ریڈ کارڈ تھا۔ اسی فیصلے کی بنیاد پر فیفا نے ان پر تین میچوں کی پابندی عائد کی تھی، جن میں سے ایک میچ وہ آرمینیا کے خلاف شرکت نہ کرکے پہلے ہی مکمل کر چکے ہیں۔
اب فیفا نے بقیہ دو میچوں کی سزا ایک سال کے لیے معطل کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر اس مدت میں رونالڈو نے اسی نوعیت کی کوئی خلاف ورزی کی تو معطل دونوں میچوں کی پابندی فوراً بحال کر دی جائے گی۔ اس فیصلے نے فٹبال کے شائقین اور رونالڈو کے مداحوں میں نئی امید پیدا کر دی ہے۔
ادھر 40 سالہ رونالڈو اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے خاصے پُرجوش ہیں، کیونکہ ورلڈ کپ جیتنے کا ان کا دیرینہ خواب اب تک پورا نہیں ہوسکا۔ ورلڈ کپ 2026 کا ڈرا 5 دسمبر کو واشنگٹن کے جان ایف کینیڈی سینٹر میں ہوگا، جس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو بھی شریک ہوں گے۔
علاوہ ازیں، فیفا کے سربراہ گیانی انفانٹینو نے 2026 ورلڈ کپ کو "104 سپر باؤلز” کے برابر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فٹبال کی تاریخ کا یادگار ترین ایونٹ ثابت ہوگا۔ اس بیان نے بھی شائقین میں جوش و خروش دوچند کر دیا ہے اور ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے عالمی سطح پر دلچسپی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

