گوہاٹی ٹیسٹ میں بھارتی غرور 408 رنز سے پاش پاش، جنوبی افریقا نے 25 سال بعد گھر میں ہی مات دیدی

جنوبی افریقا نے گوہاٹی ٹیسٹ میں بھارت کو 408 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر نہ صرف دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش مکمل کیا بلکہ 25 سال بعد بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز بھی دوبارہ حاصل کرلیا۔

گوہاٹی میں کھیلا گیا یہ میچ پانچویں روز بھارت کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا، جہاں 549 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن انتہائی کمزور دکھائی دی اور پوری ٹیم صرف 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

جنوبی افریقی اسپنرز کے سامنے بھارتی بلے باز بے بس نظر آئے، اور یہ ناکامی بھارت کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بدترین شکست کے طور پر ریکارڈ ہوگئی۔

میچ کے آغاز میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور سینوران متھوسامی کی شاندار سنچری اور مارکو یانسن کی 93 رنز کی مزاحمتی اننگز کی بدولت 489 رنز کا بڑا مجموعہ تشکیل دیا۔

اس کے جواب میں بھارتی ٹیم پہلی ہی اننگز میں صرف 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس میں یشسوی جیسوال نے 58 اور واشنگٹن سندر نے 48 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی۔

فالو آن سے بچنے کے باوجود بھارت 288 رنز کے بڑے خسارے میں چلا گیا۔

دوسری اننگز میں پروٹیز نے 260 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی اور بھارت کو 549 رنز کا مشکل ہدف دے دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن تیز اسپن کا سامنا نہ کر سکی اور سائمن ہارمر نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 37 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ مہاراج اور متھوسامی نے بھی اہم مواقع پر کامیابیاں سمیٹیں۔

بھارت کے لیے یہ شکست اس وقت مزید دردناک ثابت ہوئی جب آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ رینکنگ میں بھارتی ٹیم ایک درجے تنزلی کے بعد چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلی گئی، جب کہ پاکستان پانچویں سے چوتھے نمبر پر آ گیا۔

آسٹریلیا پہلی، جنوبی افریقا دوسری اور سری لنکا تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

بھارت کی مسلسل ناکامیوں نے نہ صرف پوائنٹس ٹیبل میں اس کی پوزیشن کمزور کی بلکہ ہوم گراؤنڈ پر اس کی ناقابلِ تسخیر شہرت کو بھی شدید دھچکا پہنچایا ہے۔

دوسری جانب، جنوبی افریقی ٹیم کی یہ شاندار کارکردگی دنیائے کرکٹ میں ایک بار پھر پروٹیز کی طاقت کا واضح اعلان ہے، جس نے 25 سال بعد بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیت کر اپنی تاریخی برتری کی یاد تازہ کر دی ہے۔