ٹی20 ورلڈکپ 2026 کا شیڈول جاری، پاک-بھارت ٹاکرا 15 فروری کو ہوگا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا مکمل شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ میگا ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا، جبکہ 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق، ایونٹ کے مجموعی میچز بھارت کے پانچ اور سری لنکا کے تین شہروں میں ہوں گے، جن میں چنئی، نئی دہلی، کولکتہ، ممبئی، احمد آباد، کولمبو اور کینڈی شامل ہیں۔

افتتاحی روز دفاعی چیمپیئن بھارت سمیت چھ ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔ پاکستان ٹیم اپنا افتتاحی میچ 7 فروری کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 10 فروری کو امریکا کے خلاف بھی اسی مقام پر ہوگا۔

سب سے اہم مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری کو پریما داسا اسٹیڈیم کولمبو میں شیڈول کیا گیا ہے، جبکہ گرین شرٹس اپنا آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلیں گے۔

بھارت اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف، دوسرا نامیبیا اور آخری گروپ میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔

گروپ اسٹیج میں مجموعی طور پر 40 میچز ہوں گے جن میں سے ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گی، جو 21 فروری سے یکم مارچ تک جاری رہے گا۔

سپر ایٹ سے چار ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی جن میں پہلا سیمی فائنل کولکتہ یا کولمبو اور دوسرا ممبئی میں شیڈول ہے، تاہم پاکستان کے سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچنے کی صورت میں دونوں میچز کولمبو منتقل کیے جائیں گے۔

ورلڈ کپ کا فائنل 8 مارچ کو احمد آباد میں ہوگا، البتہ پاکستان کی فائنل میں موجودگی کی صورت میں فیصلہ کن معرکہ بھی کولمبو میں ہوگا۔

آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ٹرافی یکم دسمبر سے عالمی دورے پر روانہ ہوگی، جبکہ سابق بھارتی کپتان روہت شرما کو ٹورنامنٹ کا آفیشل ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔