اصولوں پر سمجھوتہ نہیں، علی ترین نے ملتان سلطانز کی ملکیت چھوڑ دی

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے مسلسل مالی چیلنجز، اصولی مؤقف اور انتظامی اختلافات کے باعث ٹیم سے علیحدگی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے جذباتی بیان میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ملتان سلطانز کا حصہ ہونا ان کی زندگی کے اہم ترین اعزازات میں سے ایک تھا۔ انہوں نے فینز، کھلاڑیوں اور جنوبی پنجاب کے عوام سے ملنے والی محبت کو اپنی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سیزن میں ٹیم کو یہ احساس دلاتے رہے کہ جنوبی پنجاب کی نمائندگی صرف ایک کھیل نہیں بلکہ محنت، بہادری اور جدوجہد کی علامت ہے۔

علی ترین نے کہا کہ سال بہ سال مالی نقصان کے باوجود ٹیم چھوڑنے کا کبھی نہیں سوچا، مگر اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے پیچھے ہٹ جانے کو زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے اس تاثر کو بھی تسلیم کیا کہ وہ ہر کسی کے پسندیدہ نہیں رہے، لیکن وہ ہمیشہ سچ بولنے اور اپنی رائے کھل کر بیان کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور یہی رویہ ان کی فطرت کا حصہ ہے۔

علی ترین نے فینز سے الوداع کہتے ہوئے اپیل کی کہ جو بھی نیا مالک ذمہ داری سنبھالے، اس کی اسی جذبے سے حمایت جاری رکھی جائے۔

یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے حال ہی میں معاہدے کی خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی ساکھ متاثر کرنے کے الزام میں علی ترین کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، جسے انہوں نے پھاڑ دیا تھا۔

اس پس منظر کے باوجود انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ بھی بطور سپر فین ملتان سلطانز کی ہمت بڑھاتے رہیں گے۔