جنرل ساحر شمشاد کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظاہر احمد بابر سدھو سے الوداعی ملاقاتیں

راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الوداعی ملاقات کی جہاں پاک فوج کے سربراہ نے ان کی قیادت، بصیرت اور قومی دفاع کے لیے خدمات کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں جنرل ساحر شمشاد نے مرکزی کردار ادا کیا۔

فیلڈ مارشل نے جوائنٹ آپریشنل تیاری، ملٹری ڈپلومیسی اور علاقائی استحکام میں جنرل ساحر کے موثر کردار کو بھی سراہا جبکہ ملاقات کے دوران شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

دوسری جانب، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ایئر چیف مارشل ظاہر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا اور پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایئر چیف نے قومی دفاع میں جنرل ساحر کی خدمات، ان کی مؤثر قیادت اور تینوں افواج میں بڑھتی ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار قومی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے تناظر میں انتہائی اہم رہا۔

اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ قابلیت، جدید جنگی تیاریوں اور اپ گریڈیشن پروگرام پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے پی اے ایف کے عزم اور پیشہ ورانہ کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا، ساتھ ہی یہ اظہار بھی کیا کہ تینوں افواج کے درمیان مربوط تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہو گا۔