پاکستان کے عظیم ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بالآخر شاندار کیرئیر کے بعد پروفیشنل ٹینس کو خیرباد کہہ دیا۔ انہوں نے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان اسلام آباد میں پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کمپلیکس میں جاری ملک کے پہلے اے ٹی پی چیلنجر ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں کیا، جو ان کے کیرئیر کا آخری پروفیشنل مقابلہ بھی ثابت ہوگا۔
اس موقع پر اعصام الحق نے جذباتی الوداعی خطاب میں اپنے ابتدائی سفر کے چیلنجز، سخت ترین اوقات اور ان رکاوٹوں کو یاد کیا جن کا سامنا کرتے ہوئے وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے اپنے والدین، خاندان، کوچز، مینٹورز، ساتھی کھلاڑیوں اور اسپورٹس میڈیا کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی سپورٹ اور حوصلہ افزائی نے انہیں بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
دو دہائیوں پر مشتمل شاندار کیرئیر میں اعصام الحق نے نہ صرف پاکستان کے لیے متعدد اعزازات جیتے بلکہ عالمی ٹینس سرکٹ میں بھی اپنی شناخت مضبوط کی۔
انہوں نے 18 اے ٹی پی ٹائٹلز اپنے نام کیے، جب کہ 2010 میں وہ یو ایس اوپن مینز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز دونوں کے فائنل تک پہنچے، جو ان کے کیرئیر کا یادگار سنگ میل تصور کیا جاتا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں وہ اپنے آخری پروفیشنل میچ میں مزمل مرتضیٰ کے ساتھ ڈبلز ایونٹ کھیل رہے ہیں، جس کے ساتھ ان کا بین الاقوامی سفر اختتام پذیر ہوگا۔ پاکستان کے ٹینس حلقوں اور شائقین نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ملک کا فخر قرار دیا ہے، جبکہ مستقبل میں بھی کھیل کے فروغ کے لیے ان کے کردار کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

