پاکستان نے سہ ملکی ٹی20 سیریز میں زمبابوے کو 69 رنز سے شکست دے دی

راولپنڈی: سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 69 رنز سے شکست دے کر سیریز میں اپنی شاندار کارکردگی برقرار رکھی۔

پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے، بابر اعظم نے 74 اور صاحبزادہ فرحان نے 63 رنز بناکر نمایاں بیٹنگ کی۔ فخر زمان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 10 گیندوں پر 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 195 تک پہنچایا۔

زمبابوے نے 196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19 اوورز میں 126 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ رائن برل نے 67 رنز بنائے لیکن باقی ٹیم کھلاڑیوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف، نسیم شاہ اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی یہ سہ فریقی سیریز میں مسلسل تیسری فتح ہے، اس سے قبل قومی ٹیم نے سری لنکا اور زمبابوے کو بھی شکست دی تھی۔

اب زمبابوے اور سری لنکا کے درمیان 25 نومبر کو اہم میچ ہوگا جس میں فاتح ٹیم فائنل میں پاکستان کے حریف کے طور پر سامنے آئے گی۔