ہانگ کانگ کو 2-3 سے شکست، پاکستان اسنوکر کا عالمی چیمپئن بن گیا

پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی بی ایس ایف اسنوکر ورلڈ کپ ٹیم چیمپئن شپ 2025 اپنے نام کر لی۔ عمان کے شہر مسقط میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہانگ کانگ کو دو کے مقابلے میں تین فریمز سے شکست دے دی۔

فائنل میں پاکستان کی نمائندگی سابق عالمی چیمپیئن محمد آصف اور تجربہ کار کیوئسٹ اسجد اقبال نے کی۔ بیسٹ آف فائیو فریمز میں ہانگ کانگ کی جوڑی نانسین وان اور چاو ہو مان کے خلاف پاکستانی ٹیم نے مشکل وقت میں بہترین کم بیک کیا۔

پہلے سنگل فریم میں اسجد اقبال کو چاو ہو مان نے شکست دے کر ہانگ کانگ کو برتری دلائی۔ دوسرے سنگل میں محمد آصف نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 82 کا بریک لگا کر مقابلہ برابر کر دیا۔

ڈبلز فریم میں ہانگ کانگ کی ٹیم کامیاب رہی اور اسکور 1-2 ہوگیا۔ ریورس سنگل میں پاکستان نے ناقابلِ یقین کم بیک کیا، پہلے محمد آصف نے 100 کا شاندار بریک لگا کر چاو ہو مان کو شکست دی، جبکہ فیصلہ کن فریم میں اسجد اقبال نے 104 کا بریک کھیل کر نانسین وان کو مات دے دی اور پاکستان کو فائنل جتوا دیا۔

واضح رہے کہ یہ محمد آصف کے کیریئر کا ساتواں عالمی ٹائٹل ہے، جن میں 3 ٹیم ورلڈ ٹائٹلز، 3 انفرادی ورلڈ ٹائٹلز اور 1 ورلڈ ماسٹرز ٹائٹل شامل ہے۔

خیال رہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے پاکستانی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

تمام رہنماؤں نے کہا کہ محمد آصف اور اسجد اقبال نے ایک بار پھر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔