پاکستان کی غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

پاکستان نے غزہ میں قابض اسرائیلی افواج کے تازہ ترین حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جن میں متعدد فلسطینی شہریوں سمیت خواتین اور بچے شہید جبکہ کئی زخمی ہوئے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، یہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شرم الشیخ میں ہونے والے حالیہ امن معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی حملے خطے میں دیرپا امن کے لیے جاری عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو روکے اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

پاکستان نے اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

واضح رہے کہ غزہ سٹی، دیرالبلاح، رفاہ اور نصیرات میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 24 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
اسپتال، اسکول اور شہری پناہ گاہیں مسلسل حملوں کی زد میں ہیں، جبکہ غذائی اور ادویاتی قلت نے انسانی بحران مزید بڑھا دیا ہے۔

اسرائیل کی مغربی کنارے میں بھی پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں، جو خطے میں کشیدگی اور انسانی بحران میں اضافہ کر رہی ہیں۔