جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس 25 نومبر کو سپریم کورٹ میں طلب

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس 25 نومبر کو دوپہر 2 بجے طلب کر لیا۔

ترجمان کے مطابق، چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر بلایا جانے والا یہ اجلاس ملک کی مختلف ہائیکورٹس میں اضافی ججز کی کنفرمیشن سے متعلق اہم معاملات پر مشاورت کے لیے منعقد ہوگا۔

اجلاس میں جوڈیشل کمیشن سیکریٹریٹ کی جانب سے تیار کردہ نیا مجوزہ ڈیٹا فارم بھی زیرِ غور آئے گا، جس کا مقصد اضافی ججز کی کارکردگی، قانونی مہارت، فیصلوں کے معیار، کام کی رفتار اور مجموعی پیشہ ورانہ صلاحیت کا مؤثر انداز میں جائزہ لینا ہے۔

اس نئے ڈیٹا فارم کے طریقہ کار، اس کے نفاذ اور مستقبل میں ججز کی تعیناتی کے عمل میں مزید شفافیت لانے سے متعلق اہم فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں ہائیکورٹس میں تعینات کئی اضافی ججز کی مستقل تقرری کے سلسلے میں مشاورت اور سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔