آئی بی ایس ایف سنوکر ورلڈ کپ سیمی فائنل: پاکستان کی روایتی حریف بھارت کو شکست

اسنوکر ٹیم ورلڈکپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 1-3 فریمز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ سیمی فائنل کا آغاز بھارت نے برتری سے کیا جہاں پہلے سنگل میں پنکج ایڈوانی نے اسجد اقبال کو مات دے کر ٹیم کو برتری دلائی۔

تاہم دوسرے سنگل میں پاکستان کے محمد آصف نے برجیش دامانی کو شکست دے کر مقابلہ برابر کر دیا۔ اس کے بعد ڈبلز مرحلے میں اسجد اقبال اور محمد آصف کی جوڑی نے مل کر بھارتی ٹیم پنکج ایڈوانی اور برجیش دامانی کو شکست سے دوچار کیا۔ محمد آصف نے نہ صرف دونوں سنگل میچ جیتے بلکہ ڈبلز فریم میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

ریورس سنگل میں بھی محمد آصف نے تجربہ کار بھارتی پلیئر پنکج ایڈوانی کو شکست دے کر پاکستان کو فائنل تک رسائی دلائی۔ پاکستان کی اس کامیابی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے جبکہ شائقین کی جانب سے ٹیم کی بہترین کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے پورے میچ میں بھرپور فوکس اور درستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن فریمز جیت کر ٹیم کو فائنل کی دوڑ میں شامل کیا۔