سہ ملکی ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی سمیٹ لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنا سکی۔
سری لنکن بیٹر جینتھ لیاناگے 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کوشل پریرا نے 25 اور کامل مشارا نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے اسپنر محمد نواز سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف، سلمان مرزا اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
جواب میں پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ انہیں صائم ایوب کے 20 اور بابر اعظم کے 16 رنز کا ساتھ بھی میسر آیا۔ پاکستان نے مطلوبہ 129 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سری لنکا اپنے پہلے میچ میں زمبابوے کے ہاتھوں 67 رنز سے شکست کھا چکا ہے جبکہ پاکستان نے اپنے افتتاحی میچ میں زمبابوے کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
پاکستان کی اس فتح کے ساتھ سیریز میں گرین شرٹس کی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی ہے۔

