اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز کی اپیل، وفاقی آئینی عدالت کا لارجر بینچ تشکیل

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز کی جانب سے دائر کی گئی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔ عدالت کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی لارجر بینچ 24 نومبر کو صبح ساڑھے 11 بجے اپیل کی سماعت کرے گا۔

تشکیل دیے گئے لارجر بینچ میں جسٹس حسن رضوی، جسٹس باقر نجفی، جسٹس کے کے آغا، جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ وفاقی آئینی عدالت اس نوعیت کی اعلیٰ عدالتی اپیل کی سماعت کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے حال ہی میں اسلام آباد میں ججز کے تبادلے کو درست قرار دیا تھا، جس فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی۔ ججز کا مؤقف ہے کہ تبادلے کے عمل میں آئینی تقاضوں اور عدالتی طریقہ کار کو مدِنظر نہیں رکھا گیا۔

وفاقی آئینی عدالت کی آنے والی سماعت کو عدالتی حلقوں میں انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ اس کے نتیجے میں اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی اور تبادلوں کے متعلق مزید قانونی رہنمائی سامنے آسکتی ہے۔