لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنۂ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ضلع لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ علاقے کو مکمل کلیئر کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق، خفیہ معلومات کی بنیاد پر دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں انجام دی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے تین دہشتگردوں کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے اور بھارت کی سرپرستی میں کارروائیاں کر رہے تھے۔
علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا سینیٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور رفتار سے آپریشنز جاری رہیں گے۔

