کچھ لوگوں کے نام سے بدتمیزی اور ماردھاڑ یاد آتی ہے جبکہ شریف برادران کا نام ترقی کی علامت ہے، مریم نواز

راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کے نام ذہن میں آتے ہی بدتمیزی اور ماردھاڑ یاد آتی ہے، جبکہ شریف برادران کا نام ترقی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ وہ راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہی تھیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین بھی یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ’’ن لیگ کام کرتی ہے‘‘۔ ان کے مطابق، نواز شریف کی حکومت آتے ہی ملک ترقی کی طرف بڑھتا ہے اور ان کے جانے کے بعد ملک دوبارہ پیچھے چلا جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ بعض عناصر پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے انتظار میں بیٹھے تھے مگر انہیں مایوسی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ن لیگ کے علاوہ کسی نے پنجاب میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی‘‘۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں صرف چھ ماہ کے دوران ایک ہزار نئی سڑکیں بنائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرو ہو یا الیکٹرک بسیں، یہ سب عوام کے لیے مسلم لیگ ن کا تحفہ ہیں۔

مریم نواز نے راولپنڈی ڈویژن کے لیے 80 الیکٹرک بسوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دیگر شہروں کی طرح پنڈی کے عوام بھی جدید، ائیر کنڈیشنڈ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سے مستفید ہوں گے۔

قبل ازیں انہوں نے پوٹھوہار ریجن میں الیکٹرو بس فیز ٹو کا افتتاح کیا جس کے تحت 45 نئی ای بسیں شامل کی گئیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ راولپنڈی ڈویژن میں الیکٹرک بسوں کی مجموعی تعداد 145 تک بڑھا دی جائے گی۔ ضلع جہلم، چکوال اور اٹک کو بھی 15، 15 بسیں دی جائیں گی۔

بسوں میں سی سی ٹی وی سسٹم، آرام دہ نشستیں، اور جدید سہولیات شامل ہیں۔ کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ طلبہ، بزرگ شہری، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے سفر بالکل مفت ہوگا۔

راولپنڈی شہر میں الیکٹرو بس کے روٹس ریلوے اسٹیشن سے ہمراہی ٹرمینل، فوارہ چوک سے کورال چوک، صدر اسٹیشن سے منور کالونی اور ماریر چوک سے موٹر وے چوک تک رکھے گئے ہیں۔

تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے بھی خطاب کیا۔