راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائیاں 17 اور 18 نومبر کو باجوڑ، شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ باجوڑ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خوارجی دہشت گرد ہلاک ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقوں اسپین وام اور ذاکرخیل میں بھی کارروائیاں کی گئیں جن میں مزید دو خوارج کو مار دیا گیا۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران ایک اور دہشت گرد ہلاک ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق، بھارتی سرپرستی میں سرگرم ان دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ علاقوں میں دیگر بھارتی پشت پناہی یافتہ خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری ویژن "عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت سے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو سکے۔

