اسلام آباد میں دبئی طرز کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا فیصلہ، منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوگا

اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے شہر میں کرکٹ میچوں کے دوران ٹریفک جام کے مستقل حل کے لیے وفاقی دارالحکومت میں نیا عالمی معیار کا اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کے مطابق، سیکٹر D-12 میں جدید طرز کا کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ داخلہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی واضح ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد میچز کے دوران پیدا ہونے والے ٹریفک دباؤ کو کم کرنا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق، اسلام آباد میں دبئی طرز کے فیچرز پر مبنی اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، جو شہر سے نسبتاً دور ہوگا تاکہ میچوں کے دوران مرکزی علاقوں میں ٹریفک جام کی صورتحال نہ بنے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اسٹیڈیم کے قریب سیون اسٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائے گا جہاں بین الاقوامی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے اعلیٰ معیار کی رہائش، سکیورٹی اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

منصوبے میں جدید پارکنگ سسٹم، سکیورٹی انفراسٹرکچر اور بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات بھی شامل ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق، اسٹیڈیم میں دبئی اسپورٹس کمپلیکس جیسے جدید فیچرز متعارف کرائے جائیں گے، جس سے اسلام آباد میں عالمی سطح کی اسپورٹس سرگرمیوں کا فروغ ممکن ہوگا۔