پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سہ ملکی ٹی20 سیریز کل سے راولپنڈی میں شروع ہوگی، جب کہ افتتاحی میچ میں پاکستان کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹی20 ٹیم حالیہ مہینوں میں بہترین فارم میں ہے۔ شاہینوں نے متحدہ عرب امارات میں تین ملکی سیریز، جنوبی افریقا کے خلاف ٹی20 سیریز جیتی جبکہ ایشیا کپ کا فائنل بھی کھیل چکے ہیں۔
کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ یہ سیریز آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے نہایت اہم ہے۔ ان کے مطابق، تین مختلف ٹیموں کے خلاف مسلسل میچز کھیلنے سے منصوبہ بندی کو مضبوط بنانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چند ماہ میں ون ڈے اور ٹی20 دونوں فارمیٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور امید ہے کہ اسی تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا۔
اسلام آباد میں سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی جس میں تینوں ٹیموں کے کپتان شریک ہوئے۔ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ سری لنکن کپتان داسن شاناکا نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم اپنی پچھلی غلطیوں سے سیکھ کر بہتر کارکردگی دکھائے گی۔
پاکستان کا اسکواڈ
سلمان علی آغا (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، عبدالصمد، فہیم اشرف، محمد نواز، ابرار احمد، وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، سلمان مرزا اور عثمان طارق۔
میچز کا شیڈول
-
18 نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے
-
20 نومبر: سری لنکا بمقابلہ زمبابوے
-
22 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا
-
23 نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے
-
25 نومبر: زمبابوے بمقابلہ سری لنکا
-
27 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا
-
29 نومبر: فائنل
پاکستان اور زمبابوے 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں جن میں پاکستان 18 جیت چکا ہے، جبکہ سری لنکا کے خلاف 24 میں سے 14 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ راولپنڈی کے شائقین کی بھرپور سپورٹ کو دیکھتے ہوئے، کپتان سلمان علی آغا نے شاندار مقابلوں کی توقع ظاہر کی ہے۔
