قطر کے دارالحکومت دوحا میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے اہم گروپ میچ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو بآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان شاہینز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ٹیم کے حق میں بہترین ثابت ہوا۔
بھارت اے کی ٹیم 19 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سوریاونسی 45 اور نمن دھیر 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ بھارتی ٹیم کی آخری 8 وکٹیں صرف 45 رنز کے اضافے سے گریں۔
پاکستان کی جانب سے شاہد عزیز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ سفیان مقیم، عبید شاہ اور احمد دانیال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی۔ معاذ صداقت نے صرف 47 گیندوں پر 79 رنز کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ محمد فائق بھی 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ محمد نعیم نے 14 اور یاسر نے 11 رنز بنائے۔
پاکستان نے مقررہ ہدف 13.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
واضح رہے کہ یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، جس کے بعد قومی جونیئر ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
شاہینز اپنا اگلا اور آخری گروپ میچ 18 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلیں گے۔

