اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے بہن نورین نیازی کی ملاقات

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ان کی بہن نورین نیازی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کروا دی گئی ہیں۔

جیل ذرائع کے مطابق نورین نیازی اور عمران خان کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں 40 منٹ تک جاری رہی، جو کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں ان کی دوسری ملاقات تھی۔ ملاقات کے بعد نورین نیازی گورکھپور فیکٹری ناکے پہنچیں لیکن انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرنے سے گریز کیا۔ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے درمیان بھی کانفرنس روم میں 35 منٹ کی ملاقات کروائی گئی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ان کے بچوں سے تاحال فون پر بات نہیں کروائی گئی جو کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کی ملاقات بھی نہیں ہونے دی گئی۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف اور صرف عدالتوں سے انصاف اور ریلیف کی امید ہے، عوام آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے عدالتوں کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ حکومت عدالتی فیصلے نہ مان کر توہین کی مرتکب ہو رہی ہے۔