عظمیٰ خان کی توہینِ عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ کا اعتراض ختم

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر کردہ توہینِ عدالت کی درخواست پر عائد اعتراضات کو دور کرنے کے بعد درخواست کو باقاعدہ نمبر الاٹ کر دیا ہے۔

عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے سے متعلق اعلیٰ ترین عدالت کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر عظمیٰ خان نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

ابتدائی طور پر رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا تھا کہ فریقین پر عائد الزامات کی واضح فہرست فراہم نہیں کی گئی۔ تاہم پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے اعتراضات دور کر کے درخواست دوبارہ دائر کی، جس کے بعد اسے ’سی آر پی 8/2026‘ کا نمبر الاٹ کر دیا گیا۔

درخواست گزار عظمیٰ خان اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے توہینِ عدالت کی اس درخواست کو مرکزی کیس کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے 16 ستمبر 2026 کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ اس کیس کی سماعت کرے گا۔