عمان نے آبنائے ہرمز میں رکاوٹ ڈالی تو شدید بمباری کریں گے، وقت آ گیا ہے کہ ایران سفید جھنڈا لہرائے: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتِ حال اور ایران کے ساتھ 60 روزہ جنگ بندی کی میعاد ختم ہونے پر پالیسی بیان دیتے ہوئے عمان کو شدید بمباری کی دھمکی دی ہے اور ایران سے سفید جھنڈا لہرا کر سرنڈر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

‘فوکس نیوز’ کے صحافی ٹری ینگسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر خلیجی ریاست عمان نے آبنائے ہرمز کے معاملے میں امریکی کوششوں کے راستے میں رکاوٹ ڈالی یا بیچ میں آئی تو امریکا اسے بری طرح بمباری کا نشانہ بنا کر تباہ کر دے گا۔

عمان پر یہ تنقید غیر معمولی سمجھی جا رہی ہے کیونکہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں کا اہم مرکز رہا ہے، جبکہ ایران نے گزشتہ دنوں عمان کے ساتھ تجارتی جہازوں کی آمدورفت بحال کرنے کے حوالے سے بات چیت کا اعتراف بھی کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوئی مقررہ ٹائم لائن نہیں اور نہ ہی انہیں کوئی جلدی ہے، تاہم بنیادی ترجیح ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ انہوں نے ایرانی قیادت کو تاش کا اچھا کھلاڑی قرار دیا مگر ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ایران اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہے۔

امریکی صدر نے ہتھیاروں کی کمی سے متعلق رپورٹس کو رد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اپنے اسلحہ خانے کا محض ‘مونگ پھلی کے دانے’ جتنا حصہ استعمال کیا ہے اور ان کے پاس اب بھی وسیع ذخائر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی انتظامیہ نے پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ براہِ راست رابطے کے لیے ایک بیک چینل قائم کیا ہوا ہے۔