کراچی: پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران کردی گئی۔
سادہ مگر پروقار تقریب میں پاکستان سپر لیگ کے سی ای او سلمان نصیر مہمان خصوصی تھے جبکہ لیگ میں شریک فرنچائز مالکان اور نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی میں فرنچائز مالکان کا کردار انتہائی اہم رہا ہے اور وقت کے ساتھ لیگ ایک خاندان کی شکل اختیار کرچکی ہے جہاں تمام ٹیمیں ایک ہی ٹرافی کے حصول کیلئے مقابلہ کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیگ گزشتہ دس برسوں میں مختلف مراحل سے گزری ہے اور اب ایک نئے دور میں داخل ہوچکی ہے جبکہ اس سال پہلی بار ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پی ایس ایل کی ٹرافی کو انفینٹی کا نام دیا گیا ہے اور اس کا ڈیزائن ایک مقامی جیولر کمپنی نے تیار کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا گیارہواں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔
رواں سیزن میں پہلی بار 8 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی جن میں دو نئی ٹیمیں بھی شامل ہیں جبکہ میچز ملک کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

