موڈیز نے پاکستان کے بینکنگ سسٹم کا آؤٹ لک مستحکم قرار دے دیا

بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے بینکنگ سسٹم کا آؤٹ لک مثبت سے تبدیل کرکے مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بینکنگ ماحول بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے اور آئندہ 12 سے 18 ماہ کے دوران بینکوں کی کارکردگی مستحکم رہنے کی توقع ہے۔

موڈیز کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ مجموعی معاشی حالات میں بہتری کے آثار سامنے آ رہے ہیں تاہم معاشی بحالی کی رفتار ابھی سست ہے اور بلند شرح سود، کریڈٹ رسک اور حکومتی مالی دباؤ جیسے عوامل بدستور بینکنگ شعبے کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی بینکوں کی کریڈٹ پروفائل پر دباؤ برقرار ہے لیکن آپریٹنگ ماحول میں تدریجی بحالی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ بیرونی مالی معاونت، مہنگائی اور پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق خدشات مستقبل کے آؤٹ لک پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

ریٹنگ ایجنسی نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ 2026 کے دوران پاکستان کی حقیقی جی ڈی پی نمو 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے جو معاشی استحکام کے امکانات کی عکاسی کرتی ہے۔